کرنول میں آٹورکشا کا آر ٹی بس سے خوفناک تصادم‘ 9 ہلاک

کرنول ۔ 24 جون ( این ایس ایس )ضلع کرنول میں اے پی ایس آر ٹی سی کی ایک بس سے آٹو رکشا کے تصادم کے نتیجہ میں اس کے 9 مسافر ہلاک ہوگئے ۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کوڈومورو بلاک کے مواضعات پیوگونڈلہ اور کالا پری مواضعات سے تعلق رکھنے والے 13 افراد اپنی آنکھوں کے عارضہ کے علاج کے لئے مہاندی کے قریب سے جڑی بوٹیاں جمع کرنے کی غرض سے روانہ ہو رہے تھے کہ ان کا آٹو رکشا ارواکلو بلاک کے تحت سومیاجولاپلی کے قریب مخالف سمت سے آنے والی آرٹی سی بس سے ٹکرایا گیا ۔

کرشنا ندی سے انجنیئرنگ کے چار طلبہ کی نعشیں برآمد
امراوتی ۔ 24؍ جون ( پی ٹی آئی) دریائے کرشنا کے قریب سیر و تفریح کے دوران غرقاب چار انجنیئرنگ طلبہ کی نعشیں آج نکالی گئیں ۔ آندھراپردیش اسٹیٹ ایمرجنسی سنٹر نے کہاکہ بحریہ ‘ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے اہلکاروں نے نعشوں کی تلاش میں مدد کی ۔ گوداوری اور کرشنا ندیوں کے ملنے کے مقام پوتوا سنگم پر کل شام یہ لڑکے بہہ گئے تھے ۔ یہ چاروں لڑکے ضلع کرشنا کے کانچی کاچرلہ میں واقع ایک خانگی انجنیئرنگ کالج میں سال دوم کے طالب علم تھے ۔ جن کی شناخت چیتنیہ ریڈی ‘ سریناتھ این ‘راجکمارپلا اور پروین کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ انجنیئرنگ کے پانچ تفریح کے لئے ۔پوترا سنگم آئے تھے کہ ایک طالب علم پھسل کر گر گیا جس کو بچانے کے تین نے چھلانگ لگائی اور خود بھی بہہ گئے اور صرف دو منٹ میں یہ سب کچھ ہوگیا ۔