کرنول میں آج عرس حضرت لااُبالیؒ

کرنول۔22اپریل ( ذریعہ ای میل ) سید شاہ ہاشم عرف بادشاہ قادری حیدری خلف اکبر سجادہ نشین بارگاہ سرکار لاء اُبالی کی اطلاع کے مطابق 23اپریل بروز جمعرات بارگاہ لااُبالی کرنول میں نبیرہ غوث الاعظم حضرت پیر و مرشد عارف باللہ سیدنا سید شاہ لطیف بادشاہ قادری حیدری المعروف بہ حضرت لا اُبالی بادشاہ قادری کا چوبیسواں عرس شریف منعقد ہوگا ۔ پروگرام کے مطابق بعد نماز فجر غسل شریف کی رسم انجام پائے گی ۔ بعد نماز عصر محفل تلاوت کلام پاک ہوگی ۔ بعد نماز مغرب صندل شریف ہوگا ‘ سلام ‘ فاتحہ و دعا ہوگی ۔ رات دس بجے جشن ملائے کائنات کرم اللہ وجہ منعقد ہوگا ۔ علمائے کرام کے خطابات ہوں گے ۔ اس جلسہ میں تین اردو کی اور ایک انگریزی کی جملہ چار کتابوں کی رسم اجراء ہوگی جو لا اُبالی اکیڈیمی کرنول کی جانب سے شائع کی جارہی ہیں ۔ پہلی کتاب ’’ احادیث طب نبویؐ ‘‘ ہے جو مولانا ڈاکٹر حافظ میر مرتضیٰ علی شاہ قادری کی تلیف ہے ۔ دوسری کتاب ’’ احادیث صحاحِ ستہ میں موجود عربی اشعار‘‘ ہے ۔ یہ بھی ڈاکٹر صاحب موصوف کی تالیف ہے ۔ تیسری کتاب ’’ کرنول کا ایک صوفی شاعر ‘ شاہ وجیہ اللہ قادری‘‘ ہے جو ایم معین الدین کی تالیف ہے ۔ یہ درحقیقت تحقیقی مقالہ ہے جس پر حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی نے ایم فیل کی ڈگری عطا کی ۔ چوتھی کتاب ’’ لائف آف سلطان الہند‘‘ ہے جو بزبان انگریزی حضور غریب نواز قدس سرہ کی سوانح عمری ہے جس کو محترمہ الماس مرتضیٰ نے ترتیب دیا ہے ۔