سی سی کیمروں سے ملزمین کی نشاندہی ، رچہ کنڈہ پولیس کو اہم کامیابی
حیدرآباد ۔ /27 جولائی (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے فرضی کرنسی کے ذریعہ دھوکہ دینے والی 3 رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے نقد رقم اور 47 لاکھ جعلی کرنسی برآمد کرلی ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھاگوت نے کہا کہ ایل بی نگر پولیس کی ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک آٹو کی نشاندہی کی جس میں بچوں کے بینک (چلڈرن بینک) کے فرضی کرنسی بھاری مقدار میں منتقل کی جارہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ بھیونڈی مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والا شیوا راٹھور ہے جو اپنے ساتھیوں رچہ راجو ، این شنکر اور بی جنگیا کی مدد سے اصلی کرنسی کے عوض جعلی کرنسی تبدیل کرنے کا کاروبار کررہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ دھوکہ باز ٹولی کا یہ طریقہ کار ہے کہ وہ خواہشمند افراد کو پہلے اصلی کرنسی دکھاتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کرتے تھے کہ اس کرنسی کو بغیر کوئی دشواری کے مارکٹ میں استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ اصلی نوٹس کو اعلیٰ کوالیٹی کے جعلی نوٹس سمجھ کر اسے حاصل کیا کرتے تھے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے کہا کہ گرفتار ملزمین بعض کیمیکلس کا استعمال کرتے ہوئے جعلی نوٹس تیار کیا کرتے تھے اور جعلی کرنسی حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو نوٹس کی تیاری دکھاکر انہیں راغب کیا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک مزدور پیشہ شخص کے شیوا لنگم نے 10 لاکھ کی جعلی کرنسی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ لیکن وہ دھوکہ دہی کا شکار ہونے پر پولیس سے شکایت درج کروائی ۔ اس کارروائی میں ایل بی نگر پولیس نے بھاری مقدار جعلی کرنسی ، تین لاکھ کی عصری کرنسی ، ایک آٹو ، کیمیکلس وغیرہ برآمد کرلئے ۔ اس ٹولی کا سرغنہ شیوا راٹھور ہنوز مفرور ہے ۔