کرناٹک کے وزیر کا دورہ امارات

دبئی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صحت و تعلیم کے شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ کی کوشش کے طور پر کرناٹک کے ایک وفد نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا۔ کرناٹک کے وزیرصحت و خاندانی بہبود یوٹی قادر کی زیرقیادت وفد نے اس خلیجی ملک کا دورہ کرتے ہوئے طبی، تعلیم، تربیت اور نرسنگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ یوٹی قادر نے عجمان کے ولیعہد شیخ عمار بن حمید النعیمی سے ملاقات کی۔ شیخ عمار نے قادر اور ان کی زیرقیادت وفد کا خیرمقدم کیا۔ اور توقع ظاہر کی کہ ان کے اس دورہ سے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ حاصل ہوگا اور ہندوستان کی مہارت سے استفادہ کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔