کرناٹک کے وزیر شیوکمار کی آئی ٹی حکام کے روبرو حاضری

بنگلورو 7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے وزیر ڈی شیوکمار آج انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ عہدیداروں کے روبرو پیش ہوئے۔ گزشتہ ہفتے آئی ٹی عہدیداروں نے اُن کی مختلف جائیدادوں اور املاک پر دھاوے کئے تھے۔ ٹیکس سے بچنے کے مقدمے میں اُن سے مسلسل تین دن پوچھ تاچھ کی گئی۔ ریاستی وزیر توانائی کو پوچھ تاچھ کے لئے آج بھی پیش ہونے کا سمن جاری کیا گیا تھا۔ شیوکمار نے اپنے بھائی اور بنگلورو رورل کے رکن پارلیمنٹ ڈی کے سریش کے ہمراہ حاضری کے بعد کہاکہ جب بھی اُنھیں طلب کیا جائے گا وہ حاضر ہوں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ انکم ٹیکس حکام کو کسی بھی معاملے میں سوالات کرنے کے لئے سمن جاری کرنے کا حق ہے۔ وہ اِس سے پہلے بھی یہاں کئی مرتبہ آچکے ہیں۔ اُنھوں نے اب بھی مجھ سے کہا تھا کہ 11 بجے دن کے بعد کسی بھی وقت حاضر ہوں، اس لئے وہ آج یہاں آئے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ آئی ٹی عہدیداروں نے اُن کے پہلے دیئے گئے بیانات کے بارے میں سوالات کئے اور اُن کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا۔ شیوکمار نے کہاکہ اُنھیں کل آنے کی ہدایت نہیں دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے 2 اگسٹ کو شیوکمار کی مختلف املاک پر دھاوے کئے تھے اور اِس پر ایک سیاسی تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا۔ شیوکمار نے اُن 44 گجرات کانگریس ارکان اسمبلی کی میزبانی کی جنھیں بی جے پی کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے بنگلورو کے مضافات میں ایک ریسارٹ میں رکھا گیا تھا۔