کرناٹک کے عوام کی ہتک مقصود نہیں تھی ۔ کمارا سوامی کی وضاحت

نئی دہلی 28 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے ان ریمارکس کی وضاحت کرتے ہوئے کہ وہ کانگریس کے رحم و کرم پر ہیں اور عوام کے نہیں چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج کہا کہ ان کا مطلب ریاست کے عوام کی ہتک کرنا نہیں تھا اور نہ وہ عوام کے احترام میں کمی کرنا چاہتے ہیں۔ وہ در اصل اس حقیقت کو واضح کرنا چاہتے تھے کہ اقتدار پر ان کی برقراری کا انحصار کانگریس کی تائید پر ہے ۔ کمارا سوامی نے دارالحکومت میں آج وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس قائدین سے ملاقاتیں کیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کے پابند ہیں اور اگر ایسا نہیں کرپائیں تو سیاست سے کنارہ کش ہوجائیں گے ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ بی جے پی کی سازش کا شکار نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے تیار ہیں اور اس تعلق سے تفصیلی پروگرام کا چہارشنبہ کو اعلان کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف منسٹر ہیں اور ان پر ریاست کے ساڑھے چھ کروڑ عوام کی ذمہ دارہے اور وہ ان کا احترام کرتے ہیں۔ ان کا ریمارک یہ تھا کہ وہ اقتدار پر برقرار رہتے ہیں تو اس کا کانگریس پر انحصار ہے ۔انہیں کانگریس کی تائید کی ضرورت ہے ۔