کرناٹک کے عازمین حج کی 2اپریل کو قرعہ اندازی

بیدر۔25مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب سید منصور احمد قادری انجنیئر معتمد خادم الحجاج ضلع بیدر نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک کے عازمین حج کی قرعہ اندازی 2اپریل جمعرات 11بجے دن وکا سودھا بنگلور میں مقرر ہے ۔ کرناٹک میں اسمبلی سیشن کے چلتے اور درخواستوں کی تنقیح مکمل نہ ہونے سے قرعہ کی تاریخ کو موقر کیا گیا ہے ۔ ضلع بیدر سے کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کو موصول ہونے والی جملہ 536 درخواستوں میں 42 درخواستوں کو محفوظ زمرہ میں منتخب کرلیا گیا ہے اور ان کے پاسپورٹ بھی طلب کرلئے گئے ہیں ۔ ماباقی 494 درخواست گذاروں میں سے 217( سال گذشتہ کے اعتبار سے) عازمین کے انتخاب قرعہ کے ذریعہ ہوگا ۔ اگرحکومت سعودی عربیہ کی جانب سے ہندوستان کے کوٹہ میں اصافہ کیا جاتا ہے یا پھر گذشتہ دو سالوں سے سابق کوٹہ میں ہورہی 20فیصد کٹوتی کو بحال کردیا جاتا ہے تو اس کے اتبار سے ضلع بیدر کو 272 کا کوٹہ ملے گا ۔ بہرحال 2اپریل کو ہی معلوم ہوگا کہ ضلع بیدر اور کرناٹک کے کونسے خوش نصیبوں کو امسال حج کی سعادت نصیب ہوگی ۔ جناب سید منصور احمد قادری نے بتایا کہ ضلع بیدر کے درخواست گزاروں میں سے تاحال اگر کسی کا کور نمبر نہیں آیا تو وہ فوراً دفتر انجمن خادم الحجاج سے ربط قائم کریں ۔ قرعہ کا نتیجہ اُسی دن شام تک بذریعہ موبائیل ایس ایم ایس ہر ایک کو معلوم کردیا جائے گا یا پھر دوسرے دن دفتر انجمن پر بھی معلوم کیا جاسکتا ہے ۔ جن خوش نصیبوں کا قرعہ کے ذریعہ انتخاب ہوگا انہیں ایک مہینے کے اندر اوریجنل پاسپورٹ اور پہلی قسط کی رقم مبلغ 81ہزار روپئے فی کس بذریعہ چالان ادا کرنا ہوگا ۔ دوسری قسط کی رقم کا تعین حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے تاحال نہیں کیا گیا ہے ۔ مزید جانکاری کیلئے دفتر انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر موقوعہ متصل جامع مسجد نزد چوبارہ بیدر پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے ۔