کرناٹک کے ضمنی چناؤ : سدا رامیا،یدی یورپا کی آزمائش

بنگلور ۔ 20 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر سدا رامیا اور بی جے پی کے قومی نائب صدر بی ایس یدی یورپا کی سیاسی سوجھ بوجھ کی کل کرناٹک کی تین اسمبلی نشستوں کیلئے منعقد شدنی ضمنی انتخابات میں آزمائش رہے گی جو لوک سبھا چناؤ کے بعد پہلا انتخابی مقابلہ ہونے جارہا ہے۔ سدا رامیا پر دباؤ زیادہ ہے کہ وہ اچھے نتائج پیش کریں کیونکہ کانگریس 2013 کے اسمبلی چناؤ کی کامیابی کا اعادہ لوک سبھا انتخابات میں نہیں کرسکی جبکہ بی جے پی نے مودی لہر کے بل بوتے پر زبردست واپسی کی۔

دوسری طرف جنوبی ہند میں کرناٹک کی اپنی پہلی حکومت کھودینے کے بعد وقار کی بحالی کیلئے جدوجہد سے دوچار بی جے پی کی قسمت لوک سبھا چناؤ میں پلٹی جیسا کہ اس نے 28 نشستوں کے منجملہ 17 جیت لئے اور کانگریس کے حصہ میں 9 نشستیں آئی جس نے کافی اچھے مظاہرہ کی امیدیں باندھ رکھی تھیں۔ سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی پارٹی جے ڈی ایس نے صرف دو سیٹیں جیتیں۔ یدی یورپا کیلئے بھی یہ بڑی ساکھ کا انتخابی مقابلہ ہے کیونکہ ان کے فرزند بی وائی راگھویندرا اپنے مضبوط گڑھ شکاری پورہ سے لڑ رہے ہیں جس کی انہوں نے نمائندگی کی تھی، یہاں تک کہ اسے شموگہ سے لوک سبھا کیلئے انتخابات کے پیش نظر خالی کردیا۔ یدی یورپا شکاری پورہ سے 1983 ء سے سات مرتبہ جیتے اور ایک بار ہارے۔