بنگلورو ۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کی مکمل کابینہ کا اجلاس کانگریس ۔ جے ڈی ایس مخلوط حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد کل چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کی زیرصدارت بنگلورو میں منعقد کیا جائے گا حالانکہ یہ ریاستی کابینہ کا اولین سرکاری اجلاس ہے لیکن نئی حکومت کی کابینہ کا ایک اجلاس اپنی دونوں حلیف پارٹیوں کے ارکان کے ساتھ چیف منسٹر کی حیثیت سے کمارا سوامی اور ان کے نائب کی حیثیت سے پرمیشور کے 23 مئی کو حلف برداری کی تقریب کے بعد منعقد کیا گیا تھا لیکن اس اجلاس میں کوئی سرکاری کام کاج نہیں کیا گیا۔ ایچ ڈی کمارا سوامی نے اپنی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے 6 جون کو 25 وزراء کو کابینہ میں شامل کیا ہے۔ ریاستی کابینہ کا یہ اجلاس ایک ایسے وقت منعقد ہورہا ہے جبکہ پہلے بجٹ کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں جس کیلئے کمارا سوامی نے ماقبل بجٹ تبادلہ خیال مختلف محکموں کے ساتھ اور متعلقہ وزراء کے ساتھ آج شروع کردیا۔ کل وقتی بجٹ کی پیشکشی پر باہمی اختلافات کے دوران کمارا سوامی جو وزارت فینانس کا قلمدان بھی رکھتے ہیں، کہہ رہے ہیں کہ ان کا ارادہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں بجٹ پیش کرنے کا ہے۔