کرناٹک کرکٹ اسوسی ایشن کے عہدیداران مستعفی

بنگلورو، 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کی طرف سے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر اور سکریٹری کو عہدے سے برخاست کرنے کے بعد کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن (کے ایس سی اے ) کے اعلی عہدیداروں نے بھی اپنے اپنے عہدوں کو چھوڑ دیا ہے ۔ کے ایس سی اے نے اپنے بیان میں بتایا کہ صدر پی آر اشوک آنند ، سکریٹری برجیش پٹیل اور خازن پی دیانند پائی نے سپریم کورٹ کے حکم کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ اسٹیٹ کرکٹ بورڈ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے 2 جنوری کو جاری کردہ فیصلے کے بعد کے ایس سی اے کے صدر آنند، سکریٹری پٹیل اور خازن پائی نے اپنے عہدوں کو فوری طور پر چھوڑ دیا ہے ۔ اس سے پہلے تریپورہ کرکٹ اسوسی ایشن (ٹی سی اے ) نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر ایسا ہی کیاہے ۔ ٹی سی  اے پہلے ہی لودھا کمیٹی کی سفارشات کو نافذ کر چکا ہے ۔ ٹی سی اے کی موجودہ کمیٹی نے منگل کو استعفیٰ دیا اور موجودہ سکریٹری سوربھ داس گپتا کو اس کی اطلاع دی۔سوربھ تریپورہ کی رنجی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ داس گپتا نے بتایا کہ موجودہ کمیٹی نے اکتوبر 2014ء کو عہدہ سنبھالا تھا اور اس کی مدت اکتوبر 2017تک تھی۔