ودودرا۔11جنوری( سیاست ڈاٹکام ) جموں وکشمیر کی شاندار مہم کا اختتام رانجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل میں آج اُس وقت ختم ہوگیا جب اسے پنجاب کے خلاف کوارٹر فائنل کے چوتھے دن ہی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ پنجاب نے جموں و کشمیر کو 100رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں اس کا مقابلہ کرناٹک سے ہوگا ۔ فاسٹ بولر وی آر وی سنگھ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور 324رنز کا تعاقب کررہی جموںوکشمیر کی ٹیم کو 233رنز پر ڈھیر کردیا ۔ وی آر وی سنگھ نے میڈل آرڈر کو آوٹ کرنے میں کلیدی رول ادا کیا جیسا کہ انہوں نے پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے حریف کپتان پرویز رسول (10) ‘ منظور دار (10) ‘ عبید ہارون (0)اور سمیع اللہ بیگ (2) کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کرتے ہوئے یہاںموتی باغ اسٹیڈیم میں ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا ۔ پنجاب کا 18جنوری کوموہالی میں کرناٹک کے خلاف سیمی فائنل منعقد ہوگا ۔ کرناٹک نے اپنے بائیں ہاتھ کے اسپنر شیریاس گوپال کی پانچ وکٹوں کے شاندار مظاہرہ کی بدولت اترپردیش کو 92رنز سے شکست دی۔ 333رنز کا تعاقب کررہی اترپردیش کی ٹیم 240رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔
ٹامک کے خلاف پہلے سخت راؤنڈ کا اعتراف: نڈال
ملبورن ۔11جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار رافل نڈال نے آج اعتراف کیا ہے کہ سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن کے پہلے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ مقامی امیدوں کے محور آسٹریلیائی ٹینس اسٹار برنارڈ ٹامک سے ہوگا اور یہ مقابلہ انتہائی سخت اور ان کیلئے چیالنج ہوسکتاہے ۔ ٹامک نے رواں سیزن بہترین فام کا اشارہ دیتے ہوئے سڈنی انٹرنیشنل کے خطابی مقابلہ میں رسائی حاصل کی ہے اور اس فام کے ذریعہ وہ نڈال کو پہلے ہی راؤنڈ میں پریشان کرسکتے ہیں ۔ نڈال نے بھی رواں برس کا بہتر آغاز کرتے ہوئے قطر اوپن کے فائنل میں جائل موفیز کو شکست دی ہے اور وہ اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ 21سالہ ٹامک نہ صرف ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں بلکہ اس مقابلہ میں مقامی شائقین کی تمام ترحمایت ٹامک کے ساتھ ہوگی ۔ نڈال اور ٹامک کا صرف ایک مرتبہ مقابلہ ہوا ہے جو کہ 2011ء کے آسٹریلین اوپن کا تیسراراؤنڈ تھا جہاں نڈال نے کامیابی حاصل کی تھی ۔