کرناٹک کابینہ میں ردوبدل پر سدا رامیا کا ردعمل ، خالی جائیدادوں پر بھرتی

بنگلورو ۔28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ان اطلاعات کے درمیان کہ چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی اپنی کابینہ میں ردوبدل کریں گے، تاکہ مخلوط حکومت کو بچایا جاسکے۔ سدا رامیا نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت کابینہ کی توسیع صرف 3 مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے کیلئے ہے۔ بعض وزراء سے استعفے بھی طلب کرلئے گئے ہیں، لیکن سدا رامیا نے اس بارے میں ناواقفیت ظاہر کی۔ اطلاعات کے بموجب کرناٹک کابینہ کا اجلاس جمعہ کے دن مقرر ہے جبکہ لوک سبھا کیلئے مخلوط محاذ اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کرے گا۔ امکان ہے کہ کانگریس ارکان اسمبلی کا ایک اجلاس ایک دن قبل جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال کے ساتھ منعقد ہوگا جس میں کانگریس وزراء بھی شرکت کریں گے۔ فی الحال وزارتوں کے تین عہدے خالی ہیں، جن میں سے 2 جے ڈی ایس کے اور ایک کانگریس کا ہے۔ کانگریس میں ہلچل کے پیش نظر مخلوط حکومت کے قائدین کو بی جے پی سے اندیشہ ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں اپنی کامیابی کا فائدہ اٹھائے گی کیونکہ اس نے ریاست کی 28 میں سے 25 نشستوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ باغی کانگریس رکن اسمبلی رمیش جرکی ہوٹی سینئر بی جے پی قائد سے ملاقات کرچکے ہیں۔