کرناٹک کابینہ میں ردوبدل ، کرشنپا وزیر امکنہ

بنگلورو۔6 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کرناٹک نے کابینہ میں شامل کئے گئے ایم کرشنپا کو امکنہ کا قلمدان تفویض کیا ہے ۔ حکومت کرناٹک نے آج اس ضمن میں گزٹ اعلامیہ جاری کیا۔ سدارامیا نے تقریباً تین ماہ سے جاری کشاکش کے بعد کل کابینہ میں توسیع کی ، جہاں کرشنپا کو شامل کرنے کے علاوہ دو منسٹر آف اسٹیٹ اے منجو اور ونئے کلکرنی کو کابینی درجہ دیا گیا۔ منجو اور کلکرنی بالترتیب منسٹر آف اسٹیٹ (آزادانہ چارج) برائے انیمل ہسبنڈری اور معدنیات تھے۔ انھیں کابینی وزیر کا درجہ دیا گیا ہے اور موجودہ قلمدان ہی اُن کے پاس برقرار رہیں گے ۔ اداکار سے سیاستداں بننے والے امریش کو جن کے پاس پہلے امکنہ کا قلمدان تھا جون میں انھیں کابینہ سے برطرف کردیا گیا ۔ امریش نے وزارتی عہدہ چھین لئے جانے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے بحیثیت رکن اسمبلی مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن اب تک سرکاری طورپر انھوں نے مکتوب استعفیٰ اسپیکر کو پیش نہیں کیا۔ سدارامیا نے 20 جون کو بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے 14 وزراء کو برطرف اور 13 ارکان کو شامل کیا تھا ۔ اس کی وجہ سے کانگریس پارٹی میں داخلی ناراضگی بڑھ گئی اور کئی سینئر قائدین نے پارٹی ریاستی قیادت کے خلاف آواز اُٹھائی تھی ۔