بنگلورو۔/14 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہا کہ برہت بنگلور مہانگر پالیکے میں کانگریس کو اقتدار ملنے کے فوراً بعد اب ان کی توجہ ریاستی کابینہ میں ردوبدل پر مرکوز رہے گی۔اپنی ہوم آفس کرشنا میں نئے میئر منجوناتھ ریڈی اور ڈپٹی میئر ہیما لتا سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ رواں ماہ کے آخر میں وہ اپنی کابینہ میں ردوبدل کرنے پر غور کررہے ہیں۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج کرناٹک ڈگ وجئے سنگھ ان دنوں بیرون ملک کے دورے پر گئے ہوئے ہیں ، ان کی واپسی کے فوری بعد ان سے ملاقات کی جائے گی اور ریاستی کابینہ میں ردوبدل کیلئے ان کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ بی بی ایم پی میں کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ اتحاد اگلے پانچ سال تک قائم رہے گا اور دونوں پارٹیاں مل کر شہر بنگلور کی ہمہ جہت ترقی کیلئے کام کریں گی، اوراس اتحاد کو آزاد کارپوریٹرس کا ساتھ بھی ضرور ملتا رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ شہر بنگلور کی ترقی اور اس کی شان وشوکت کو بحال کرنے کی اہم ذمہ داری بی بی ایم پی کے نئے انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے، تمام کو اعتماد میں لے کر نئے کارپوریٹرس کو شہر کی ترقی کیلئے متحرک ہوجانا چاہئے۔