کرناٹک کابینہ میں توسیع کیلئے سرگرمی

بیدر یکم / ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی کابینہ میں توسیع کرنے اور کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل جدید کے تعلق سے چیف منسٹر کرناٹک مسٹر سدرامیا اور صدر کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر جی پرمیشور 3 ستمبر کو دہلی روانہ ہوں گے ۔ اے آئی سی سی صدر شریمتی سونیا گاندھی اور کانگریس پارٹی کے دوسرے لیڈرس سے ملاقات کرکے بات چیت کریں گے ۔ آج بنگلور میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر سدرامیا نے بتایا کہ کابینہ میں 4 عہدے خالی ہیں ۔ توسیع کرکے 4 عہدوں کو پر کیا جائے گا ۔ اس کے ساتھ ساتھ بورڈ اور کارپوریشن کیلئے پارٹی کارکن اور لیڈرس کا نامزد کرنے کے تعلق سے ہائی کمان کے ساتھ بات چیت کرکے فیصلہ کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ صرف 4 خالی سیٹوں کو ہی پر کیا جائے گا ۔ صرف توسیع ہوگی ۔ کابینہ کی تشکیل جدید فی الحال نہیں ہوگی ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ رائچور گلبرگہ اور دوسرے علاقوں میں موسلادھار بارش اور سیلاب سے 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ ان میں امداد تقسیم کے علاوہ ان کے افراد خاندان کو دوسری امداد کے فراہمی کے بشمول سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی اقدامات تجویز کرنے اور ضلع انتظامیہ اور ضلع انچارج وزراء کو ہدایت دی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں چیف سکریٹری بارش سے متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرس کے ساتھ ویڈی کانفرنس منعقد کرکے ضروری امداد اور احتیاطی اقدامات کرنے ہدایت دے رہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاست کابینہ میں شامل ہونے کے خواہشمند بعض سینئیر ارکان اسمبلی نے ان سے ملاقات کی ۔ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کی بھی تشکیل جدید کی جارہی ہے ۔ ریاست میں ضمنی انتخابات منعقد ہوئے اور کانگریس کو شاندار کامیابی ملی ۔ کابینہ میں توسیع کب ہوگی ۔ یہ بات چیف منسٹر نے نہیں بتائی ۔ لیکن کاگنریس کے ذرائع نے بتایا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں کابینہ میں توسیع کی جائے گی ۔ بورڈ اور کارپوریشن کے صدور کی بھی نامزد کی جائے گی ۔