کرناٹک کابینہ میں توسیع ، 8 نئے وزراء میں رحیم خان شامل

بنگلور۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں کانگریس اور جنتا دل (سیکولر) کی چھ ماہ پرانی مخلوط حکومت کی کابینہ میں آج ہمہ جہت توسیع کے تحت کانگریس سے 8نئے وزرا شامل کئے گئے ۔گورنر وجوبھائی والا نے یہاں شام کو گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں نئے وزرا کو حلف دلایا ۔ اس کابینی ردوبدل کا کافی انتظار تھا لیکن جب عملی طور پر واقع ہوا تو بعض گوشوں سے ناراضگیاں بھی دیکھنے میں آئی۔ نئے وزراء ستیش جرکیہولی، ایم پی پاٹل، سی ایس شیوالی، ایم ٹی بی ناگراج، ای تکارام، پی ٹی پرمیشور نائک، رحیم خان اور آر بی تھماپور ہیں۔ چیف منسٹر کمارا سوامی نے کابینہ سے دو وزیروں رمیش جرکیہولی اور آر شنکر کو نکال دیا ہے۔