بیدر20 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بنگلور میں کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ کے دفتر میں وقف بورڈ کی ایک سالہ کارکردگی کا محکمہ کے عہدیداران اور بورڈ کے چیرمین ڈاکٹر یوسف کے ساتھ جائزہ اجلاس میں شرکت کے بعد ڈاکٹر قمرالاسلام وزیر اوقاف بہبود اور بلدی نظم و نسق نے بتایا کہ وقف بورڈ کیلئے سدرامیا حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ 88 کروڑ روپئے کی گرانٹ دی گئی ہے ۔ اتنی بڑی رقم بجٹ میں دینے پر انہوں نے وزیر اعلی سدرامیا کی شکریہ ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کا یہ پہلا موقع ہے کہ کسی حکومت نے ملک کے کسی وقف بورڈ کو اتنی بڑی رقم بطور گرانٹ نہیں دی ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست میں اوقاف کی نگرانی اور ان کی ترقی کیلئے وقف بورڈ کے تمام اراکین اور عہدیداران آپسی باہمی تال میل کے ذریعہ خدمات انجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے اور حکومت کی جانب سے اوقاف کیلئے دئے جانے والے گرانٹس کا بروقت استعمال کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔ وقف بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ اس رقم کا استعمال کو مکمل یقینی بنانے میں خصوصی دلچسپی سے کام کریں اور اگر فنڈ کی ضرورت ہو رہی ہے تو حکومت کی جانب سے وہ مزید فنڈ فراہم کریں گے ۔ اوقافی جائیداد کے تحفظ ، ترقی کیلئے وقف بورڈ کی جانب سے لاپرواہی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اوقاف کے ذریعہ ملت کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہونچے اور اس سے ملت کی تعلیمی سماجی و معاشی صورتحال میں بہتری آئے گی ۔