بیدر /22 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست میں مخلوعہ جائیدادوں میں 1401 مختلف ڈاکٹرس کی جائیدادوں پر کرناٹک پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے تقررات کرنے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ یہ بات وزیر میڈیکل تعلیم ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل نے بتائی ۔ قانون ساز کونسل میں ایک سوال کا وزیر ہیلتھ اور فیملی ویلفیر کی جانب سے جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل نے بتایا کہ 980 فزیشن ڈاکٹر ، 331 جنرل ڈاکٹرس اور 87 ڈینٹل ڈاکٹرس کے تقررات کرنے سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں ۔ اس وقت لیڈر اپوزیشن کونسل کے ایس ایشورپا نے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ کرناٹک پبلک سرویس کمیشن کے صدر اور 6 ارکان کے عہدے خالی ہیں ان عہدوں پر نامزدگیاں نہ کئے جانے سے تقررات کی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے ۔ ایشورپا نے فی الفوری کے پی ایس سی کے صدر اور ارکان کی نامزدگی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس کا جواب دیتے ہوئے وزیر آئی ٹی بی ٹی ایس آر پاٹل نے بتایا کہ کے پی ایس سی صدر اور ارکان عہدوں پر نامزدگیاں کرنے حکومت نے فیصلہ کیا ہے اور جلد ہی نامزدگیوں کا کام مکمل ہوگا ۔ وزیر میڈیکل تعلیم شرن پرکاش پاٹل نے بتایا کہ ریاست کے دیہی علاقوں میں ڈاکٹرس کی کمی کو دور کرنے کیلئے 2 سال تک دیہی علاقوں میں خدمات کو لازمی قرار دیتے ہوئے حکومت نے قانون بنایا ہے ۔ اس قانون کو صدر جمہوریہ کی منظوری حاصل ہوئی ہے ۔