گلبرگہ27؍اگست( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ): محمد معراج الدین کنوینر حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم گلبرگہ نے یوم انضمام حیدرآباد تقریب سرکاری سطح پر نہ منانے کے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر رائو کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر رائو نے مسلمانوں کے جذبات کا پاس و لحاظ کرتے ہوئے یوم انضمام حیدرآباد تقریب سرکاری سطح پر نہ منانے کا صحیح فیصلہ کیا ہے ۔ محمد معراج الدین نے چیف منسٹر کرناٹک سدرامیا سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی علاقہ حیدرآباد کرناٹک کے یوم انضمام کو سرکاری سطح پر نہ منانے کا اعلان کریں ۔ محمد معراج الدین نے کہا ہے کہ17؍ستمبر کو یوم انضمام حیدرآباد کرناٹک سرکاری سطح پر منانے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایک ملک کے دو یوم آزادی نہیں منائے جاسکتے ۔ 17؍ستمبر کو بھی جشن آزادی منانا ملک کے اصل جشن آزادی کی اہمیت کو گھٹانے کے مترادف ہے ۔17؍ستمبر کو علاقہ حیدرآباد کرناٹک اور مراہٹواڑہ میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا اور مسلمانوں کی بڑی تباہی و بربادی ہوئی ۔ اس دن سرکاری سطح پر جشن منانے سے مسلمانوں کی بڑی دل آزاری ہوتی ہے ، ایک سیکولر چیف منسٹر ہونے کی حیثیت سے سدرامیا کو چاہئے کہ وہ17؍ستمبر کو یوم انضمام و جشن حیدرآباد کرناٹک سرکاری سطح پر منانے کے احکام کو واپس لیں ، تلنگانہ کی حکومت نے سالِ گذشتہ17؍ستمبر کو قومی پرچم ترنگا لہرانے کی اجازت نہیں دی تھی ۔ مرہٹواڑہ علاقہ میں بھی ایسا کوئی جشن نہیں منایا جاتا ۔ صرف حیدرآباد کرناٹک نہیں بلکہ ملک کی 500سے زائد ریاستوں کا ہند یونین میں انضمام ہوا تھا۔ لیکن ان میں سے کسی بھی ریاستی کے الحاق یا انضمام کا جشن نہیں منایا جاتا ہے ۔ ایسی صورت میں صرف حیدرآباد کرناٹک کے انضمام کا جشن منانا کس حد تک درست ہوسکتا ہے ۔ محمد معراج الدین نے کہا ہے کہ فرقہ پرست طاقتوں کے دبائوں میں آکرایس ایم کرشنا نے7؍ستمبر کو جشن آزادی حیدرآباد کرناٹک سرکاری سطح پر منانے کا حکم جاری کیا تھا۔ محمد معراج الدین نے چیف منسٹر سدرامیا سے17؍ستمبر کو سرکاری سطح پر جشن منانے کے احکام منسوخ کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر چیف منسٹر سدرامیا واقعی سیکولر چیف منسٹر ہیں تو انہیں فرقہ پرست طاقتوں کے ایجنڈہ پر عمل نہیں کرنا چاہئے ۔