نئی دہلی۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے سیاسی بحران کے اہم واقعات جن میں سپریم کورٹ نے آج 4 بجے شام منعقد شدنی اکثریت کے امتحان کے لائیو ٹیلی کاسٹ کا حکم دیا تھا، جس کا سامنا کرنے سے پہلے ہی بی جے پی چیف منسٹر یدی یورپا نے استعفیٰ پیش کردیا۔
٭ 12 مئی : کرناٹک میں انتخابات کا انعقاد۔
٭ 15 مئی : الیکشن کمیشن نے نتائج کا اعلان کیا جس میں بی جے پی 104 ارکان کے ساتھ واحد سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری تھی۔ کانگریس کو 78 اور جے ڈی (ایس) کو 37 نشستیں حاصل ہوئی تھیں اور ان دونوں نے مابعد انتخابات مفاہمت کی تھی۔
کانگریس ۔ جے ڈی (ایس) اتحاد اور بی جے پی دونوں ہی نے تشکیل حکومت کے ادعاجات پیش کئے۔
٭ 16 مئی : کرناٹک کے گورنر وجو بھائی والا نے بی جے پی کو تشکیل حکومت کی دعوت دی اور دوسرے دن یدی یورپا کو بحیثیت چیف منسٹر حلف دلایا۔ بی جے پی کو مدعو کرنے کے خلاف کانگریس اسی شام سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی۔
٭ 16 اور 17 مئی (درمیانی شب) : سپریم کورٹ نے مقدمہ کو فوری سماعت کے لئے آدھی رات کو اپنے دروازے کھول دیئے۔
٭ 17 مئی رات 2:11 بجے سماعت شروع کی جو صبح 5:28 بجے تک جاری رہی تاکہ سپریم کورٹ نے یدی یورپا کی حلف برداری پر حکم التواء جاری کرنے سے انکار کردیا۔
٭ یدی یورپا نے 9 بجے صبح چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔
٭ 18 مئی : سپریم کورٹ نے 19 مئی کو 4 بجے شام ایوان اسمبلی میں اکثریت کا امتحان مقرر کیا۔
٭ کانگریس ۔ جے ڈی (ایس) اتحاد مشترکہ طور پر پھر رات دیر گئے سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے اور اکثریت کے امتحان کے موقع پر بی جے پی رکن اسمبلی کے جی بوپیا کو عبوری اسپیکر مقرر کئے جانے کے خلاف چیلنج کیا۔ سپریم کورٹ نے 19 مئی کو سماعت کا اعلان کیا۔
٭ 19 مئی : سپریم کورٹ نے اعتماد کے ووٹ کی شفافیت کو یقینی بنانے اکثریت ثابت کرنے کے امتحان کے سارے عمل کا لائیو ٹیلی کاسٹ کرنے کا حکم دیا۔
… اور بالآخر …
٭ یدی یورپا نے کہا کہ ’’میں خط اعتماد کا سامنا نہیں کروں گا اور استعفیٰ پیش کرنے جارہا ہوں‘‘۔
یدی یورپا کا استعفیٰ ، واجپائی کے استعفے کی یادیں تازہ
بنگلورو۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک اسمبلی میں خط اعتماد کا سامنا کئے بغیر چیف منسٹر کے عہدہ سے بی ایس یدی یورپا کے آج پیش کردہ استعفی سے 22 سال قبل بی وزیراعظم کے عہدہ سے ان کی پارٹی کے سرکردہ قائد اٹل بہاری واجپائی کے استعفیٰ کی یادیں تازہ ہوگئی ہیں۔ واجپائی نے 13 دن تک اقتدار پر فائز رہنے کے بعد درکار ارکان کی تائید حاصل نہ ہونے کے سبب وزیراعظم کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور کمارا سوامی کے والد دیوے گوڑا وزیراعظم کے عہدہ پر قائم ہوئے تھے اور اب ان کے فرزند کمارا سوامی جے ڈی (ایس) ۔کانگریس حکومت کی قیادت کیلئے تیار ہوچکے ہیں۔