بیدر ۔ 15۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست کے 84 تعلقہ جات میں بہتر بارش ہوئی ہے تو 89 تعلقہ جات میں بارش نہ ہونے سے سنگین خشک سالی حالات پیدا ہوئے ہیں ۔ ریاستی وزیر مال مسٹر سرینواس پرساد نے اس تعلق سے بتایا کہ تمام ڈپٹی کمشنرس سے رپورٹ حاصل کی جارہی ہے ۔ اگسٹ ختم تک حکومت خشک سالی امدادی کاموں کا آغاز کرے گی ۔ بارش کے نہ ہونے سے ایک طرف خشک سالی حالات پیدا ہوئے ہیں ۔ دوسری طرف بارش کے زیادہ ہونے سے بھی فصلوں کو نقصان ہوا ہے ۔ زرعی سرگرمیوں پر زبردست اثر پڑا ہے ۔ مسلسل تیسری مرتبہ اس سال بھی ریاست میں خشک سالی حالات پیدا ہوئے ہیں ۔ کرناٹک آفات سماوی نگران سنٹر کی رپورٹ کے مطابق یکم جون سے 5 اگسٹ تک ریاست میں تقریباً 69 تعلقہ جات میں بہت کم بارش ہوئی ہے ۔ اس مدت میں 23 تعلقہ جات کے 114 سرکلس میں ہی اوسط سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ 84 تعلقہ جات کے 320 سرکلس میں اوسط بہت زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ 69 تعلقہ جات کے 320 سرکلس میں اوسط سے بہت زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ 89 تعلقہ جات اور 313 سرکلس میں اوسط سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ۔ علاقہ حیدرآباد کرناٹک میں بارش کی شدید قلت پیدا ہوئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ آئیکل دیون ہلی ، چن پٹن ، رام نگر ، سرینواس پور ، چک بالا پور ، کورٹ گیرے ، مدھوگیری ، شیرا ، ٹمکور ، ہوساڈرگ ، ہلسور کے آنگر ، پریاپٹن ، سگوپہ ، گنگاوتی اور دیودرگ تعلقہ جات میں اوسط سے بہت کم بارش ہوئی ہے ۔ جبکہ 3 سالوں سے خشک سالی حالات کا شکار علاقہ حیدرآباد کرناٹک کے لنگسور ، افضل پور ، الند ، چنچولی ، چیتا پور ، گلبرگہ ، جیورگی ، سیڑم ، بید ر، بھالکی ، اوراد ، بسواکلیان ، ہمنا آباد ، ہنمکنڈہ ، باگے واڑی ، بیجا پور ، ہنڈی ، مدے بہال ، سندھکی ، شاہ پور ، شوراپور ، یادگیر ، تعلقہ جات میں بہت کم بارش ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیں بیلگام ، ہوکیری ، رام درگ ، بادامی ، ورونا ، دھارواڑ ، بھٹکل ، منگلور ، کارکل ، اُڑپی تعلقہ جات میں بھی بارش نہ ہونے کے برابر ہے ۔ اترکنڑا ، دکھشن ، کنڑا ، کوڑگ ، چک منگلور ، اور ہاسن اضلاع میں زیادہ بارش ہونے سے نقصانات ہوئے ہیں ۔ ماہ جون اور جولائی میں بارش نہیں ہوئی ۔ ماہ اگسٹ کے پہلے دو ہفتوں میں بھی بارش نہیں ہوئی ۔ قدیم میسور اور آس پاس علاقوں میں بہتر بارش ہوئی ہے ۔ ریاست میں تین اسمبلی حلقہ جات کے ضمنی انتخابات منعقد ہورہے ہیں اس کے بعد ہی خشک سالی سے متاثرہ تعلقہ جات کی فہرست کا اعلان کر کے امدادی کاموں کا آغاز کرنے حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔