گلبرگہ /5 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزشتہ 24 گھنٹوں میں علاقہ حیدرآباد کرناٹک میں قرض کے بوجھ سے دبے ہوئے دو کسانوں نے دو مختلف اضلاع میں خودکشی کرلی۔ پولیس نے بتایا کہ بیدر کے اعلی امبر نامی ٹاؤن کا ایک کسان ایرنا، جس نے ڈھائی لاکھ روپئے اپنی فصل پر قرض لیا تھا، فصل کی ناکامی کے بعد دل برداشتہ ہوکر زہر خورانی کا ارتکاب کربیٹھا اور یوں اپنی جان گنوا بیٹھا۔ ایک اور واقعہ میں یادگیر کے شاہ پور میں واقع مدنور کا ایک مقروض کسان نے زہر خورانی کی، جسے بیہوشی کی حالت میں اسپتال میں شریک کروایا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ کسان کا نام پرماننا تھا۔ بیدر اور یادگیر کے ڈپٹی کمشنرس نے مہلوکین کے ورثاء سے ملاقات کی اور ان کے حالات کو جاننے کی کوشش کی۔ ان کے پڑوسیوں کے مطابق ان کسانوں کو دیگر قرض داروں کا بھی قرض ادا کرنا تھا، اس طرح ان پر لاکھوں روپئے کا قرض تھا۔ تحصیلداروں اور اعلی عہدہ داروں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں۔