کرناٹک میں کانگریس کے پارلیمانی امیدواروں کو قطعیت

بیدر۔/19فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) لوک سبھا انتخابات کیلئے ریاست کرناٹک کے 28کے منجملہ 13 حلقہ جات کیلئے کانگریس الیکشن کمیٹی نے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیدی ہے۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاعات کے بموجب بقیہ 15 حلقہ جات کے ناموں کو طئے کرنے کیلئے 3مارچ کو ایک اجلاس طلب کیا جائے گا۔ صدر کانگریس شریمتی سونیا گاندھی کی زیر صدارت منعقدہ اس الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں مسرس راہول گاندھی، سدرامیا وزیر اعلیٰ کرناٹک، ڈاکٹر جی پرمیشور صدر کے پی سی سی ڈگ وجئے سنگھ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی، مدھوسدن مستری اور دیگر ارکان کمیٹی نے شرکت کی۔ موجودہ 9ارکان پارلیمان کو دوبارہ ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں بنگلور جنوب سے آنند نیل کٹی اور داونگیرہ سے ایس ایس ملکارجن کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کانگریس ذرائع کے بموجب بیلگام سے لکشمی ہیال کر، بیلاری سے این وائی ہنومنتپا، گلبرگہ سے ملکارجن کھرگے، کولار سے کے ایچ مونیپا، چکبالاپور سے ایم ویرپا موئیلی، بیدر سے این دھرم سنگھ، میسور سے ایچ وشواناتھ، چامراج نگر سے دھرم نارائن، اڑپی چک منگلور سے جئے پرکاش ہیگڈے، منڈیا سے رمیا اور بنگلور سے رورل سے ڈی کے سریش کو ہی ٹکٹ دینے کا قطعی فیصلہ کیا گیاہے۔

80لاکھ روپئے مالیتی سونے کے ساتھ ایک شخص گرفتار
شمس آباد۔/19فبروری، ( سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد کسٹمس عہدیداروں نے ایک شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 80لاکھ روپئے مالیتی سونا برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب محمد عبدالکریم آج رات مسقط سے فلائیٹ نمبر wy-0231 کے ذریعہ شمس آباد ایرپورٹ پہنچا اس کی تلاشی لینے پر کسٹمس عہیدادروں کو 2.460 کیلو سونے کے پلیٹس برآمد ہوئے جن کی مالیت 80لاکھ روپئے بتائی گئی۔ محمد عبدالکریم کو حراست میں لیتے ہوئے سونے کو ضبط کرلیا گیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔