کرناٹک میں کانگریس کا اقتدار برقرار رہیگا : اے آئی سی سی

ہبالی۔ 27ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اے آئی سی سی کے سکریٹری مانیکم ٹائیگور نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی نے اس کے ترقیاتی سرگرمیوں اور پروگرامس کے ذریعہ پیش رفت کی ہے ۔ انہوں نے وزیراعلی سدارامیا کی قیادت میں دوسری مرتبہ ریاست میں پارٹی کی کامیابی کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے ہبالی میں ’’کانگریس عوام کی دہلیز پر ‘‘ پروگرام کے آغاز کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس زیر قیادت حکومت کے کارنامے مستقبل میں کامیابی کا پیمانہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں پارٹی کی میعاد کے اختتام تک 1.35 کروڑ رائے دہندوں تک رسائی کا نشانہ ہے اور عوام کو ریاست میں حکومت اور پارٹی کے کارناموں سے واقف کروایاجائے گا۔ مانیکم نے مرکز کی بی جے پی زیر قیادت حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ مودی حکومت کے کارنامے صرف نعرو ں میں ہے کارکردگی میں صفر ہیں۔ سدا رامیا حکومت کو یدی یورپا زیر قیادت بی جے پی سے سخت مسابقت ہونے کی توقع ہے۔ کرناٹک میں اسمبلی چنائو آئندہ سال مقرر ہیں۔