کرناٹک میں چیف منسٹر کا انتخاب کانگریس ہائی کمان کرے گی

سدارامیا کو دوبارہ چیف منسٹر بنانے کا امکان کم ، ملکارجن کھرگے کا بیان
کلبرگی ۔ 24 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس کے سینئیر لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے بعد چیف منسٹر کا انتخاب پارٹی ہائی کمان کرے گی ۔ موجودہ چیف منسٹر سدا رامیا کے بارے میں یہ خیال پیش کیا جاسکتا کہ وہ ہی از خود چیف منسٹر بنا دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان میں نئے منتخب ارکان اسمبلی کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی چیف منسٹر کا انتخاب کرے گی ۔ اگر پارٹی کو دوبارہ اقتدار کے لیے ووٹ دیا گیا تو بلا شبہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو ہی فیصلہ کرنا ہوگا ۔ کانگریس مسلسل یہ کہتے آرہی ہے کہ کرناٹک کے اسمبلی انتخابات چیف منسٹر سدا رامیا کی قیادت میں لڑے جارہے ہیں لیکن اس نے سدارامیا کو اعلیٰ عہدہ کے لیے اپنا امیدوار قرار دینے سے احتراز کیا ہے ۔ ملکارجن کھرگے کے یہ ریمارک اس بات کا اشارہ ہیں کہ کانگریس میں ریاستی قیادت کا سوال ابھی اٹھایا نہیں گیا ہے ۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ آیا پارٹی کی مرکزی قیادت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ کرناٹک کا آئندہ چیف منسٹر کون ہوگا ۔ اس پر کھرگے نے کہا کہ ریاست میں جب الیکشن ہونے جارہے ہیں تو اس میں غیر ضروری تنازعہ پیدا نہیں کیا جانا چاہئے ۔ چیف منسٹر سدارامیا ہمارے پاس موجود ہیں ۔اس پر بحث کرنا فی الحال فضول ہے کیوں کہ وہ ہی موجودہ کپتان ہیں اور پارٹی حسب چاہے فیصلہ لے سکتی اور کسی کو بھی تبدیل کرسکتی ہے بہر حال پارٹی ہی کامل اتھاریٹی ہے۔