کرناٹک میں پانچ سال کے دوران ایک کروڑ ملازمتیں

راہول گاندھی نے کانگریس انتخابی منشور جاری کردیا، بی جے پی پر تنقید
منگلورو 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے اپنی پارٹی کا انتخابی منشور جاری کیا جس میں پانچ سال کے دوران ایک کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ راہول گاندھی نے اس منشور کو کرناٹک کے عوام کی آواز قرار دیا اور کہاکہ یہ کوئی ایسی دستاویز نہیں ہے جو ’’کسی بند کمرہ میں تین چار افراد کی طرف سے تیار کی گئی ہے‘‘۔ وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم عوام سے اپنے من کی بات کہنا چاہتے ہیں لیکن اس منشور میں کرناٹک کے عوام کے من کی بات شامل کی گئی ہے۔ بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ اس زعفرانی جماعت کی طرف سے جاری کیا جانے والا منشور کرناٹک کے عوام کے لئے نہیں ہوگا بلکہ اس سے آر ایس ایس میں نظریات کی جھلک ملتی ہے۔ کانگریس کے صدر نے دعویٰ کیاکہ سدارامیا حکومت 2013 ء میں جاری کردہ انتخابی منشور میں کئے گئے 95 فیصد وعدوں کی تکمیل کرچکی ہے۔