گلبرگہ ۔30 ۔ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست میں قابل تجدید توانائی کے شعبے کے موثر استعمال اور اس میں فروغ کی حکومت کی کوششوںکے سلسلے کے تحت کرناٹک حکومت ایس سی ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے کسانوںکے ایک طبقے کو تقریباً 3900پمپ سیٹس فراہم کرے گی جو شمسی توانائی سے چلتے ہیں۔ان پمپ سیٹوںکا اہتمام وزارت چھوٹی آبپاشی نے کیا ہے۔اس محکمہ کے وزیر شیو راج بی تھگڈگی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے جملہ 4000شمسی توانائی سے چلنے والے پمپ سیٹوں کو تقسیم کرنے کا نشانہ مقرر کر رکھا ہیجو اس مالی سال کے لیے ہے اور اگلے مالی سال 15-16کے لیے بھی اتنی ہی تعداد میں پمپ سیٹس تقسیم کیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ان سیٹس کو بورویل سے منسلک کرتے ہوئے پانی حاصل کرنے کا کامیاب تجربہ متعدد مرتبہ کیا گیا ہے اور اب تک 16000ایکر اراضی پر گرین آبپاشی ہورہی ہے جس سے نہ صرف تھرمل پاور سے حاصل ہونے والی بجلی میں بچت ہورہی ہے بلکہ کئی دیگر آلودگیوں کا خطرہ بھی کم ہورہا ہے۔انھوں نے کہا کہ بیدر،گلبرگہ،بیجاپور،رائچور،کوپل اور بلاری جیسے اضلاع کے کسانوں کو پہلے مرحلے میں اس اسکیم سے فائدہ پہنچایا جائے گا اور اس اسکیم کا دائرہ کار جلد ہی ساری ریاست میں پھیلایا جائے گا۔فی الفور ہم پانچ ایچ پی صلاحیت والے پمپ سیٹس کو نصب کر رہے ہیںا ور جلد ہی ہم دس ایچ پی صلاحیت والے پمپ سیٹس کو نصب کرنے والے ہیں۔