بیدر ۔ 9 ۔ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) راجیو گاندھی آواس اسکیم کے تحت مرکز اور ریاستی حکومت کے تعاون سے ریاست کرناٹک میں پہلی مرتبہ 12 شہروں میں اور دوسرے مرحلے میں 28 شہروں میں غریبوں کیلئے فلیٹ طرز پر مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ گلبرگہ شہر میں 1024 مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود اور بلدیہ نظم و نسق و اوقاف اور گلبرگہ ضلع انچارج وزیر ڈاکٹر قمرالاسلام نے یہ بات بتائی ۔ گونٹور ( ڈی ) گاؤں کے سروے نمبر 21 میں 2 ایکڑ 30 گنٹے زمین میں 320 مکانات کی تعمیر کیلئے آج سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے بتایا کہ G+ طرز پر یہ مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ 10اکٹوبر کو ظفر آباد میں 6 ایکڑ زمین میں 700 مکانات تعمیر کرنے کیلئے سنگ بنیاد رکھا جائیگا ۔ ایک فلیٹ کی قیمت 4 لاکھ روپئے مقرر ہے ۔ 50 فیصد مرکزی حکومت اور 10 فیصد رقم ریاستی حکومت اور 10 فیصد یعنی 40 ہزار روپئے مستحق افراد کو ادا کرنے پڑیں گے ۔ یہ کام ایگزیکٹیو انجینئر کی قیادت میں انجام دیئے جارہے ہیں ۔ گتہ دار کو یہ ہدایت دی گئی ہیکہ 18مہینے کے اندر اسکیمات کی تعمیری کام مکمل کریں ۔ ناقص درجہ کے کام انجام دیئے گئے تو متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئر اور گتہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ دیا گیا ۔ مذکورہ فلاٹ کییلئے کمپاؤنڈ وال نہیں رہیں گے ۔ دوسری اسکیم کے تحت کمپاؤنڈ وال تعمیر کی جائے گی ۔ اس موقع پر گلبرگہ جنوب حلقہ کے رکن اسمبلی دتاتریا پاٹل ریور نے بتایا کہ غریبوں کیلئے مکانات فراہم کرنے کے مقصد کے تحت مرکز اور ریاستی حکومتوں نے اسکیم کا آغاز کیا ہے ۔ مذکورہ مکانات تمام طبقات کے غریبوں میں تقسیم کئے جائیں تو اسکیم کا مقصد پورا ہوگا ۔