کرناٹک میں سوائن فلو کے تیزی سے پھیلنے کا خطرہ

گلبرگہ ۔26۔فروری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست میں ایچ 1این 1 سوائن فلو بخار تیزی سے پھیلتا جارہاہے، اس پر روک لگانے کیلئے جہاں حکومت کی طرف سے تمام کوششیں بے سود ثابت ہورہی ہیں، وہیں اس بخار میں مبتلا ہوکر اسپتالوں کا رخ کرنے والوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ اب تک ریاست بھر میں763افراد کو سوائن فلو لاحق ہونے کی تصدیق کی جاچکی ہے، اس بخار سے مرنے والوں کی تعداد 40 سے تجاوز کرچکی ہے۔شہر بنگلور میں سوائن فلو میں مبتلا کی تعداد380 ہوچکی ہے۔ ان تمام مریضوں کی جانچ کے بعد تصدیق کی جاچکی ہے کہ تمام کے تمام ایچ 1این 1کا شکار ہیں۔ شہر کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں میں سے 9 کی موت ہوچکی ہے۔ ریاستی حکومت کے محکمۂ صحت نے اس بخار سے نمٹنے کیلئے سرکاری اسپتالوں اور دیگر طبی مراحل میں ٹامی فلو دوائیں مہیا کرائی ہیں۔ گزشتہ سالوں کے مقابل امسال گرمیوں کی شروعات سے قبل ہی اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے سوائن فلو کا شکار ہونے کا واقعہ پہلی بار رونما ہوا ہے۔ گزشتہ سال سوائن فلو سے ریاست بھر میں 34افراد کی موت ہوئی، اور 303افراد متاثر ہوئے۔تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں کو محکمۂ صحت کی طرف سے سخت ہدایت دی گئی ہے کہ سوائن فلو کا شکار افراد کے علاج میں کسی طرح کی غفلت نہ برتی جائے۔ اب تک 2385 مشتبہ مریضوں کی جانچ کی گئی ہے۔ ان کے خون کے نمونوں کی جانچ مستند لیاب سے کروائی گئی ہے۔ اس بخار میں مبتلا مریضوں میں سے 233مریضوں کو مخصوص وارڈوں میں داخل کرکے علاج کیا جارہاہے، جبکہ 458 کا علاج کرکے انہیں رخصت کیا جاچکاہے۔ بنگلور میں اس بخار کے نتیجہ میں 9افراد کی موت کی افسران نے تصدیق کی ہے۔ اور کہا ہے کہ اس بخار میں مبتلا افراد کے ساتھ مشتبہ مریضوں کی طبی صورتحال پر بھی سخت نظر رکھی جارہی ہے۔ شہر میں یہ بخار زیادہ پھیلنے نہ پائے اس کیلئے بی بی ایم پی کی طرف سے ضروری قدم اٹھائے جاچکے ہیں اور ساتھ ہی تمام دوا خانوں میں اس سے نمٹنے کیلئے دواؤں کی فراہمی بھی کی جاچکی ہے۔ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ جن لوگوں کو بہت زیادہ کھانسی اور سردی کے ساتھ بخار کی شکایت ہو وہ غفلت برتنے کی بجائے فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں پہنچ جائیں۔تمام اسکولوں ، کالجوں اور عوامی مقامات پر اس بخار سے نمٹنے کیلئے بیداری مہم چلانے کی محکمۂ صحت کی طرف سے ہدایت دی جاچکی ہے۔ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، جن مقامات پر سوائن فلو پھیلنے کا خطرہ ہے وہاں ماسک کا استعمال کریں۔ عوامی مقامات پر زیادہ احتیاط برتی جائے۔جن بچوں میں فلو کی علامتیں ہوں انہیں اسکول نہ بھیجا جائے۔ سڑکوں پر صفائی کا اہتمام ہو۔