کرناٹک میں دریائے کاویری پر ڈیمس کی تعمیر پر ٹاملناڈو کا اعتراض

چینائی 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر ٹاملناڈو پنیر سیلوم نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے یہ گذارش کی ہے کہ میکا دتو میں دریائے کاویری پر ذخائر آب (ریزروائر) کی تعمیر کے منصوبہ سے باز آجائے۔ حکومت کرناٹک کو مشورہ دیں اور بتایا کہ اس اقدام کے باعث ٹاملناڈو کو دریائی پانی کا بہاؤ متاثر ہوجائے گا۔ اُنھوں نے وزیراعظم کو موسومہ ایک مکتوب میں بتایا کہ میکا دتو میں مزید دو آبی ذخائر کی تعمیر کے لئے حکومت کرناٹک کے یکطرفہ فیصلہ سے 5 فروری 2007 ء کے جاری کردہ قطعی احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔ دریائے کاویری سے ٹاملناڈو کی سمت پانی کے بہاؤ میں کمی آجائے گی۔ اس پس منظر میں پنیر سیلوم نے وزیراعظم کو یہ یاد دہانی کروائی کہ ٹاملناڈو اسمبلی میں 5 ڈسمبر 2014 ء کو اتفاق رائے سے ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکز سے یہ اپیل کی تھی کہ میکا دتو میں دو نئے ڈیمس کی تعمیر روک دینے کرناٹک کو مشورہ دیا جائے۔ اُنھوں نے یہ شکایت کی کہ کاویری مینجمنٹ بورڈ اور کاویری واٹر ریگولیشن کمیٹی کی تشکیل کیلئے ریاستی حکومت کی بارہا نمائندگیوں کے باوجود مرکز نے کوئی پہل نہیں کی۔