بنگالورو۔ 8مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کرناٹک کے صدر بی ایس یدی یورپا نے اندرون دو دن متعلقہ حلقوں میں خشک سالی کی صورت حال کے سلسلہ میں رپورٹ داخل کرنے ریاست کے تمام پارٹی ارکان اسمبلی کو ہدایت دی ہے ۔ان رپورٹس پر 20مئی کو بنگالورو شہر میں ہونے والے ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہو ں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جے ڈی ایس۔ کانگریس اتحادی حکومت شدید خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے میں ناکام رہی جس نے عوام کو مایوس کردیا۔ وزیراعلی ایچ ڈی کمارا سوامی اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کے لئے ارکان اسمبلی کے کل جماعتی اجلاس کی طلبی کی پرواہ نہیں کرتے کیوں کہ عوام کی بہتری میں انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ جاریہ سال حکومت کی جانب سے خشک سالی کے کاموں کے لئے کافی کم فنڈس جاری کئے گئے ہیں۔