کرناٹک میں ای وی ایم چیالنج کرانے الیکشن کمیشن کو تجویز

بنگلورو ۔ /2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کرناٹک نے آج الیکشن کمیشن آف انڈیا کو تجویز پیش کی کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین چیالنج کی مشترکہ میزبانی کریں گے تاکہ اس کی کارکردگی کے تعلق سے شبہات کا ازالہ ہوجائے ۔ حکومت نے کمیشن سے یہ درخواست بھی کی کہ کہیں کہیں سے منتخب کرتے ہوئے 250 ای وی ایمس دستیاب کرائے جائیں جن کو استعمال کرتے ہوئے چیالنج کی تکمیل کی جائے گی اور اس کی مجموعی نگرانی کمیشن کے ذمہ رہے گی ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی پریانک کھرگے نے آج کہا کہ ووٹروں کے ذہنوں میں حقیقی ہو یا فرضی کوئی شبہ نہ ہو اسے یقینی بنانا ہماری مجموعی ذمہ داری ہے ۔ اس ضمن میں ای وی ایم چیالنج منظم کرنے کی تجویز ہے جو حکومت کرناٹک اور الیکشن کمیشن مشترکہ طور پر کرسکتے ہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر اچل کمار جیوتی کو مکتوب میں ریاستی وزیر نے سائنسی کمیونٹی جیسے ٹیکنو کراٹس کو ای وی ایمس کی جانچ میں حصہ لینے کیلئے مدعو کرنے کی تجویز رکھی ۔