کرناٹک میں ایندھن کی قیمت میں دو روپئے کی کمی

کالبرگی ۔ 17 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپئے فی لیٹر کمی کرنے سے متعلق اپنی مخلوط حکومت کے فیصلے کا آج اعلان کیا ۔ راجستھان ، آندھراپردیش اور مغربی بنگال کی طرف سے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے بعد کمارسوامی کے خلاف بڑنے والے سیاسی دباؤ میں آغاز کے درمیان یہ اعلان کیا گیا ہے۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے ایندھن پر ٹیکس میں فی لیٹر دو روپئے کی کمی کی ہے ۔ مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے ایک روپئے فی لیٹر کمی کی ہے۔کمارا سوامی نے جو جے ڈی (ایس) ۔کانگریس حکومت کی قیادت کررہے ہیں یہاں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہاکہ ’’اس مخلوط حکومت نے آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپئے فی لیٹر کمی کرنے کا فیصلہ کی ہے ‘‘ ۔ ایندھن کی قیمتوں میں ہولناک اضافہ سے ملک میں سیاسی طوفان بپا ہوگیا ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں اس مسئلہ پر نریندر مودی حکومت کو سخت ترین تنقیدوں کانشانہ بنارہی ہیں لیکن حکومت نے اس اضافہ کیلئے بین الاقوامی عنصر کو اصل وجہ قرار دی ہے ۔