کرناٹک میں ایجوکیشن آفیسرس کے عنقریب تقررات

پیر ۔/23ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست کرناٹک کے تمام اضلاع کے ڈی ڈی پی آئی اور تعلقہ سطح کے بلاک ایجوکیشن آفیسرس عہدوں پر اندرون ہفتہ مستقل عہدیداروں کو تعینات کیا جائے گا۔ وزیر پرائمری و ہائی اسکول تعلیم کے رتناکر نے یہ بات بتائی۔ اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے بتایا کہ مختلف جائیدادوں پر کارگذار عہدیدار کام کررہے ہیں۔ اندرون ہفتہ مستقل عہدیداروں کو تعینات کی جائے گا۔ مدارس میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر اسمبلی حلقہ کے لئے 40 لاکھ روپئے کے حساب سے تمام ارکان اسمبلی کی امداد میں اضاضہ کرکے جاری کئے گئے ہیں۔ اس امداد سے مدارس میں بیت الخلاء کی تعمیر، پینے کے پانی کیلئے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ ضلع بیدر میں ایس ایس ایل سی، پی یو سی امتحان کے نتائج میں بہتری لانے کیلئے آنے والے ڈھائی مہینوں میں وہ پھر بیدر کا دورہ کرکے صبح 7بجے سے رات 10 بجے تک یعنی دو دن مسلسل محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کی میٹنگ منعقد کرکے غور کریں گے اور متبادل اسکیم تیار کریں گے ۔ وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ جلد ہی 16ہزار ٹیچرس کی جائیدادوں پر سی ای ٹی امتحان منعقد کرکے تقررات کئے جائیں گے۔