اگزیکیٹیو انجنیئر سے ایک کروڑ روپئے رشوت طلب کرنے کی شکایت پر کارروائی
بنگلور ۔ 27 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک لوک آیاوکت بھاسکر راؤ کے فرزند کو آج خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے سرکاریعہدیداروں کو ڈرا دھمکا کر بھاری رقومات وصول کرنے کے ریاکٹ کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا ہے ۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے اشوینی راؤ کو حیدرآباد میں گرفتار کرلیا ہے جوکہ ریاکٹ کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی ہے، اس تنازعہ پر بھاسکر راؤ نے بھی عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا ۔ ایس آئی ٹی سربراہ کمل پنت نے یہ تصدیق کی کہ رشوت ستانی اسکینڈل میں ملوث جسٹس بھاسکر راؤ کے فرزند کو گرفتار کرلیا گیا ۔ اشوینی راؤ کی گرفتاری ، کرناٹک لوک آیوکت کے جوائنٹ کمشنر سید ریاض کو حراست میں لئے جانے کے ایک دن بعد عمل میں آئی ہے ۔اس کیس میں اب تک 6 ملزمین کو گرفتار کیا گیا ۔ قبل ازیں اشوینی کے خلاف ایک اگزیکیٹیو انجنیئرنے یہ شکایت درج کروائی تھی کہ لوک آیوکت کے دھاوے سے بچنے کیلئے اس نے ایک کروڑ روپئے طلب کئے تھے اور اس الزام کی تحقیقات کیلئے اشوینی تعاون نہیں کر رہے تھے جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔