بنگلورو22جنوری :(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شمال مغربی ٹیچرس کونسل کے ضمنی انتخابات 3؍ فروری کوہوں گے، جبکہ 6فروری کو بنگلور کے سرکاری آرٹ کالج میں ووٹوں کی گنتی عمل میں آئے گی۔ الیکشن افسر و ریجنل کمشنر ایم وی جینتی نے آج اخباری کانفرنس کے دوران بتایا کہ ان انتخابات میں کانگریس پارٹی سے ٹی ایس نرنجن ، بی جے پی سے پی آر بسوراجواور جے ڈی ایس سے رمیش بابو کے علاوہ کروناڈو پارٹی سے بی وینکٹیش اور 13؍آزاد امیدواروںسمیت 17 امیدوار میدان میں موجود ہیں۔کولار کی منجولا راج گوپال واحد خاتون امیدوار ہیں۔ اس حلقہ کے دائرہ میں کولار ، چکبالاپور، ٹمکور، چترادرگہ اور داونگیرے اضلاع آتے ہیں جہاں پر جملہ 21354 ووٹرس حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔