انکولہ (کرناٹک) ۔ /26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کی سدارامیا حکومت کے خلاف کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کو جوابی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے آنے والے ریاستی اسمبلی الیکشن کیلئے 8 داغدار امیدواروں کو ٹکٹ دیئے ہیں ۔ راہول گاندھی جو اپنی انتخابی مہم کے ساتویں مرحلے پر کرناٹک پہونچے ہیں ، انہوں نے کرپشن کے بارے میں لب کشائی پر وزیراعظم کی اہلیت پر سوال اٹھایا کیونکہ وہ خود ایسے بی جے پی قائدین سے گھرے ہیں جن پر مالی غلط کاریوں کے الزامات ہیں ۔ ’’مودی جی یہاں آتے ہیں اور کرپشن کی بات کرتے ہیں ۔ جب مفرور ہیروں کے تاجر نیرؤمودی جنہیں نریندر مودی اچھی طرح جانتے ہیں 30 ہزار کروڑ روپئے کے ساتھ فرار ہوجاتے ہیں تو وہ کچھ نہیں کہتے ۔ جب مودی جی کسی اسٹیج پر آتے ہیں تو وہاں ان کے ساتھ یدی یورپا بھی ہوتے ہیں جو جیل میں وقت گزارچکے ہیں ‘‘۔