کرناٹک اور ٹاملناڈو دونوں کے کسان اہم

چیف منسٹر کمارا سوامی سے کمل ہاسن کی ملاقات کے بعد میزبان کا بیان
بنگلورو 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایسے وقت جبکہ کاویری مسئلہ پھر ایک بار اُبھر چکا ہے، اداکار سے سیاست داں بننے والے کمل ہاسن نے آج چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی سے ملاقات کی۔ اپنی میٹنگ کے بعد دونوں قائدین نے مشترکہ طور پر صحافیوں سے بات کی۔ کمارا سوامی نے زور دیا کہ دونوں ریاستوں کے کسان اہمیت رکھتے ہیں، اِس لئے واٹر مینجمنٹ بورڈ کے تعلق سے جو کچھ کمل نے میرے ساتھ تبادلہ خیال کیا، دونوں ریاستیں اس تعلق سے سنجیدہ ہیں اور مسائل کا مل جل کر سامنا کرنے کا عہد رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر کرناٹک کے ردعمل پر کافی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مکل نیدھی مائم کے سربراہ نے کہاکہ ٹاملناڈو کے عوام کی طرف سے آئے ہیں۔ ٹاملناڈو چاہے گا کہ کاویری مینجمنٹ اتھاریٹی کے کام میں سرعت لائی جائے۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ یہاں کرناٹک میں ایسے چیف منسٹر ہیں جو معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ اگرچہ یہ معاملہ عدالت میں زیردوران ہے، لیکن آبی تقسیم کا تنازعہ عوام کے درمیان طے کرلینے کی ضرورت ہے۔ ’’میں ایک وکیل کا بیٹا ہوں اور کئی وکلاء سے میری شناسائی ہے اور اُن کا مشورہ ہے کہ اس کی عوام کے درمیان یکسوئی کرلی جائے۔ عدالت آخری حربہ ہونا چاہئے۔ اگر ٹاملناڈو اور کرناٹک کے عوام مل جل کر کام کریں تو پوری اُمید ہے کہ مسئلہ پُرسکون انداز میں حل ہوجائے گا۔