نئی دہلی۔26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)کرناٹک اور سوراشٹر کے درمیان قومی ونڈے چمپئن بننے کے لئے یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں کل وجے ہزارے ٹرافی کرکٹ ٹورنمنٹ کے فائنل میں زبردست مقابلہ متوقع ہے۔سوراشٹر10 سال کے وقفے کے بعد اس ٹورنمنٹ کے فائنل میں پہنچا ہے ۔سوراشٹر نے 2007-8 میں وشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے فائنل میں بنگال کو شکست دی تھی۔اس کے سامنے ابھی کرناٹک کی چیلنج ہوگا جس نے2013-14 اور 2014-15 میں مسلسل یہ خطاب جیتا تھا۔دونوں ٹیموں نے سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی ہے ۔کرناٹک نے آف اسپنر کرشپا گوتم 26 رنز پر تین وکٹ کی شاندار بولنگ کے بعد مینک اگروال(81) اور کپتان کر ونا نائر (ناٹ آؤٹ 70) کے درمیان پہلے وکٹ کے لئے ہوئی 155 رنز کی سنچری شراکت کی بدولت مہاراشٹر کو 117 گیند باقی رہتے نو وکٹ سے ہراکر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔کرناٹک نے مہاراشٹر کو 44.3 اوور میں 160 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد 30.3 اوور میں ایک وکٹ پر 164 رنز بنا کر کامیابی حاصل کی تھی۔شاندار فارم میں کھیل رہے مینک نے 86 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کے دم پر 81 رن بنائے ۔سوراشٹر کے لئے مینک کو روکنا ایک بڑا چیلنج ہوگا جن کے ابھی ٹورنامنٹ میں 633 رنز ہو گئے ہیں اور وہ کسی قومی گھریلو ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔سوراشٹر کو کر ونا نائر کو بھی روکنا ہوگا جنہوں نے سیمی فائنل میں90 گیندوں پر10 چوکوںشے ناقابل شکست 70 رنز بنائے تھے ۔