کرناٹک اسمبلی میں چیف منسٹر کی برہمی

بنگلورو۔ /24جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک اسمبلی میں آج حکمران کانگریس اور اپوزیشن بی جے پی ارکان کے درمیان مرکزی اسکیمات کے فنڈس میں کٹوتی کے مسئلہ پر لفظی جھڑپ ہوگئی جبکہ چیف منسٹر سدارامیا نے کارروائی میں خلل اندازی پر حالت برہمی میں بجٹ کی کاپی ایوان کے وسط میں پھینک دی۔ ایوان میں افراتفری اور الزامات کے دوران مختلف محکموں کے گرانٹس اوررقومات کے بلز کو ندائی ووٹ سے منظور کرلیا گیا ۔ چیف منسٹر نے جب بحث کا جواب دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ این ڈی اے حکومت نے مرکزی اسکیمات کے فنڈس میں تخفیف کردی ہے جس کے ساتھ دونوں جماعتوں میں بحث و تکرار ہوئی۔ ایوان کی کارروائی میں بار بار خلل اور غلط اطلاعات کی فراہمی کا بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے سدارامیا نے بجٹ کو کاپی کو نیچے دے مارا جس پر بی جے پی ارکان وسط ایوان میں پہنچ کر کانگریس حکومت اور چیف منسٹر کے خلاف نعرے بلند کرنے لگے۔