کرناٹک اسمبلی اسپیکر کیلئے بی جے پی امیدوار

چیف منسٹر کمارا سوامی کے تحریک اعتماد سے قبل طاقت آزمائی کا مظاہرہ
بنگلور 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں اپوزیشن پارٹی بی جے پی نے کرناٹک اسمبلی اسپیکر کے عہدہ کے لئے ہونے والے انتخاب میں اپنے امیدوار کی حیثیت سے سریش کمار کو کھڑا کیا ہے۔ سریش کمار بی جے پی کے سینئر لیڈر ہیں۔ اسپیکر عہدہ کے لئے رائے دہی کل مقرر ہے۔ بظاہر یہ مقابلہ چیف منسٹر کمارا سوامی حکومت کے اعتماد کا ووٹ لینے سے قبل اپنی طاقت آزمائی کا مظاہرہ ہے۔ سریش کمار شہر سے تعلق رکھنے والے پانچ مرتبہ منتخب رکن اسمبلی ہیں۔ انھوں نے اسپیکر عہدہ کے لئے اپنا پرچہ نامزدگی اسمبلی سکریٹری ایس مورتی کے پاس ودھان سدھا میں داخل کیا ہے۔ کانگریس ۔ جنتادل ایس اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ انھیں 117 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔ اس گروپ نے کانگریس کے رمیش کمار کو اسپیکر کے عہدہ کے لئے نامزد کیا ہے جبکہ رمیش کمار سابق اسپیکر رہ چکے ہیں۔ رمیش کمار نے بھی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے۔ سریش کمار نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ انھوں نے بی جے پی ریاستی یونٹ کے صدر بی ایس یدی یورپا سے ملنے والی ہدایت کے مطابق اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ایوان اسمبلی میں اکثریت کی طاقت کی بنیاد پر اور مختلف وجوہات سے بھی اس کی پارٹی کو ووٹ ملیں گے۔