شاہ آباد (کرناٹک) ۔ 13 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت اقتدار پر فائز ہوئے دیڑھ سال کے اندر عوام کو دیئے گئے جملہ 165 مطالبات میں سے صرف 2 بجٹ میں 95 مطالبات پورے کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیراعلیٰ سدارامیا نے یادگیر شہر کے کنگ داس سرکل پر کنگ سواس کے 10 فٹ قد آور مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دینے کے بعد گورنمنٹ پی یو کالج میدان میں کئی محکموں کے کاموں کی رسم سنگ بنیاد اور افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے بچھڑے ہوئے طبقات تک انصاف فراہم کرنا اور تمام کو خودکفیل اور تمام کو باوقار زندگی دینا ہے۔ تمام کو مساویانہ مواقع حاصل کرنے کے عہد کے ساتھ سماجی و معاشی سہولیات فراہم کرکے معاشرہ کے مستقل استحصال کئے جانے والے طبقوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کا کام حکومت انجام دے رہی ہے۔ عوام کو بھوک سے نجات دلانے کیلئے انابھاگیہ منصوبے کیلئے 4500 کروڑ روپیوں کے صرفہ سے ایک کروڑ 3 لاکھ سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے خاندانوں کو ایک روپیہ فی کیلو 30 کیلو چاول تقسیم کئے جارہے ہیں۔ ایس سی ۔ ایس ٹی طبقہ کو آبادی کے لحاظ سے سرکاری منصوبوں کیلئے فنڈس مختص کرنے کے اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آبادی کے تناسب کے لحاظ سے اس طرح فنڈس مختص کرنے والی ہندوستان کی کرناٹک پہلی ریاست ہے اس کیلئے 15830 کروڑ روپئے مختص ہیں۔ 1380 کروڑ روپئے ایس سی۔ ایس ٹی طبقہ اور پسماندہ طبقات کیلئے قرض معاف کیا گیا۔ آشریا منصوبہ کے تحت 2448 کروڑ روپئے اصل اور سود معاف کیاگیا کسانوں کو تین لاکھ روپئے تک سود دینے کے اقدامات کئے گئے۔ 10,3لاکھ روپئے تک قرض 3 روپئے شرح سود کے ساتھ تقسیم کیا گیا۔ سدارامیا نے مزید کہاکہ زرعی فصلوں کے ساتھ انصاف دلانے کیلئے زرعی قیمت کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا۔ دودھ پیدا کرنے والوں کو4 روپئے فی لیٹر امدادی قیمت دی گئی۔ اس سے دودھ کی پیداوار 60 لاکھ لیٹر تک پہنچ گئی۔ اسکول کے بچوں کو بھاگیہ منصوبہ کے تحت 150 ملی لیٹر دودھ ہفتہ میں 3 دن فراہم کیا جارہا ہے جس سے بچے کو صحت مند ہوں گے۔ اسکول جانے والی لڑکیوں کیلئے 2 روپئے ہر دن ان کے اکاونٹ میں جمع کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر ملیکارجن کھرگے ضلع نگرانکار وزیر بابو راؤ چنچور کے بعد مقامی رکن اسمبلی اے بی ملک ریٹھا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع یادگیر کیلئے بنیادی سہولیات کی قلت ہے۔ یادگیر کو ضلع بنائے چار سال پورے ہوئے۔ تاہم یہاں کے سرکاری ملازمین کیلئے ضلع ایڈمنسٹریٹیو کامپلکس اور سرکاری ملازمین اور عملے کیلئے گیسٹ ہاؤس فراہم کرنے کے اقدامات کریں۔ اس موقع پر بجٹ میں یادگیر میں میڈیکل کالج کی منظوری کا خیرمقدم کیا۔