حیدرآباد ۔ /20 اپریل (سیاست نیوز) یوسف گوڑہ کرشنا نگر میں آج صبح ہلکا سا دھماکہ ہوا جس کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ تفصیلات کے بموجب کرشنا نگر میں واقع مکان نمبر 129 بی بلاک کے مالک مکان بالا کرشنا جو پیشہ سے تلگو فلمی صنعت سے تعلق رکھتا ہے اور اپنے مکان کے دو کمرے اکثر کرایہ پر دیا کرتا تھا ۔ حالیہ دنوں بالا کرشنا نے کمرے 28 سالہ اشوک کو جس کا تعلق بھی تلگو فلم صنعت سے ہے کرایہ پر دیئے تھے ۔ اس مکان میں آج صبح 6.40 بجے اچانک دھماکہ ہوا جس کے بعد اشوک شدید زخمی ہوگیا ۔ جوبلی ہلز پولیس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر فوری ایک ٹیم وہاں پر پہونچ گئی اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا ۔ دھماکے کی آواز کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور عوام کا ہجوم بھی وہاں جمع ہوگیا جسے پولیس نے منتشر کیا ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم کیا ہے کہ اشوک تلگو فلموں کیلئے اسموک بم (دھویں کے بم) تیار کرتا ہے جسے فلم کی شوٹنگ کے دوران استعمال کیا جاتا ہے ۔ شدید زخمی حالت میں اشوک کو دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ اس واقعہ میں اشوک کے دونوں پیر ہاتھ جھلس گئے ۔ پولیس جوبلی ہلز نے اس ضمن میں اشوک کے خلاف مختلف دفعات بشمول ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور مقام واردات سے حاصل کئے گئے اشیاء کے نمونوں کو فارنسک لیباریٹری روانہ کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اشوک کے کمرے میں دو کمرشیل ایل پی جی سیلنڈرس بھی موجود تھے لیکن اس حادثہ میں محفوظ رہے ورنہ بڑے پیمانے پر نقصان ہوتا تھا ۔