کرشنا بھاسکر ، سدی پیٹ کے نئے کلکٹر

سدی پیٹ۔/30اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدی پیٹ ضلع کے پہلے کلکٹر وینکٹ رام ریڈی کا تبادلہ راجنا سرسلہ کیا گیا اور سدی پیٹ ضلع کیلئے دیور کونڈہ کرشنا بھاسکر کا تقرر کیا گیا جو قبل ازیں سرسلہ ضلع کے پہلے کلکٹر رہے۔ وینکٹ رام ریڈی سدی پیٹ ضلع میں سرکاری اسکیمات کو روبہ عمل لانے کیلئے نمایاں کارکردگی جس میں صد فیصد بیت الخلاء کا نظام، ہریتا ہارم، قابل ذکر ہیں وہیں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر و تکمیل رواں ہے۔ جبکہ نئے ضلع کلکٹر سدی پیٹ کرشنا بھاسکر شہر حیدرآباد کے پیدائشی ہیں جو20جون 1984میں پیدا ہوئے۔ 2005 میں آئی آئی ٹی گورکھپور سے انجینئرنگ تکمیل کئے اور 2009 میں ایم بی اے کی تعلیم حاصل کی اور اسی دوران 2011 میں آئی پی ایس آفیسر کی حیثیت سے منتخب ہوئے۔ ضلع عادل آباد میں ایڈیشنل ایس پی کی حیثیت سے تربیت حاصل کررہے تھے کہ 2012 کے سیول امتحان میں شرکت کرتے ہوئے 90واں رینک حاصل کرتے ہوئے آئی اے ایس میں کامیابی حاصل کی اور ضلع کریم نگر میں بلدیہ کارپوریشن کے کمشنر بنے۔ نئے ضلع سرسلہ کی تشکیل کے بعد کلکٹر کا جائزہ حاصل کیا۔ نئے ضلع کلکٹر کرشنا بھاسکر سے سدی پیٹ کی ترقی کیلئے عوام کو کافی توقعات ہیں۔ سدی پیٹ ضلع چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا آبائی وطن ہے اور کابینہ کے اہم وزیر ہریش راؤ کی نمائندگی ہے۔ کرشنا بھاسکر کل عہدہ کا جائزہ حاصل کریں گے۔