کرشماتی شفاء کے نام پر نقلی ادویات فروخت کرنے والی ٹولی گرفتار

حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : معصوم شہریوں کو کرشماتی شفاء کے نام پر دھوکہ دیتے ہوئے نقلی آیورویدک ادویات فروخت کرنے والی ایک ٹولی کو پولیس نے بے نقاب کردیا ۔ سنٹرل زون ٹاسک فورس نے بوئن پلی کے علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے دوکان اور مکان کو بے نقاب کردیا اور دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں نقلی ادویات کو ضبط کرلیا جو معروف آیورویدک کمپنی بیدناتھ کے نام سے عوام کو دھوکہ دے رہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ 24 سالہ ملک خاں اور 32 سالہ بھیما اپا ماسٹر جو کرناٹک ریاست ضلع بیلگام کے متوطن تھے انہیں گرفتار کرلیا جب کہ دو اور سرغنہ سمپت پوار اور سوامی مفرور ہیں ۔ اس ٹولی نے ایک منصوبہ تیار کرتے ہوئے سکندرآباد کا رخ کیا اور بوئن پلی میں مکان کرایہ پر حاصل کیا جس کے بعد کارخانہ کے علاقہ میں شیواشکتی ایورویدک کے نام سے دوکان شروع کی ۔ فالج ، جوڑوں کا درد ، شوگر و دیگر امراض کے ایسے مرض جس کے سبب شہریوں کئی سالوں جھانسہ دے کر نقلی ادویات فروخت کررہے تھے ۔ اور 20 دن قبل شہر کا رخ کیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ ٹولی 50 ہزار تا ایک لاکھ روپئے نقلی پاوڈر کے عوض حاصل کررہی تھی ۔ اور انہیں 40 تا 60 دن میں شفا یابی کا جھانسہ دے رہے تھے ۔ ٹاسک فورس پولیس نے مزید کارروائی کے لیے انہیں کارخانہ پولیس کے حوالے کردیا ۔۔

ڈرگ انسپکٹر اپل رشوت لیتے ہوئے گرفتار
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : ڈرگ انسپکٹر اپل دفتر ڈپٹی ڈائرکٹر ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن حیدرآباد کو رشوت کا مطالبہ کرنے اور قبول کرنے کے دوران ان کی رہائش گاہ پر رنگے ہاتھوں پکڑ لیاگیا ۔ مذکورہ عہدیدار شکایت کنندہ کے حق میں موافق رپورٹ داخل کرنے کے لیے رشوت قبول کررہے تھے ۔ رشوت کی رقم کو مذکورہ عہدیدار کے پاس سے برآمد کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ۔ انہیں خصوصی عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا ۔۔