کرس ہیرس ٹیم انڈیا کے فیلڈنگ کوچ بننے کے خواہشمند

نئی دہلی، 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر کرس ہیرس نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی فیلڈنگ کوچنگ میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ہیرس ہندوستانی ٹی وی چیانل پر ورلڈکپ کے تجزیے کیلئے یہاں دارالحکومت میں موجود ہیں۔ ہیرس کا کہنا ہے کہ ’’مجھے کوچنگ کا تھوڑا سا تجربہ ہے، مجھے نہیں معلوم اگر یہ خواب ہو لیکن میں چاہوں گا کہ کسی بہترین ٹیم سے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے وابستہ ہوں‘‘۔ انھوں نے کہا کہ آج کل بہترین کوچ ہیں جو ہیڈ کوچ، بولنگ کوچ یا بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں لیکن میں فیلڈنگ کوچ کے طور پر کام کرنا پسند کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ میں ٹیم انڈیا کی فیلڈنگ میں مدد کرنے کیلئے تیار ہوں کیونکہ ہندوستانی ٹیم موجودہ طور پر صرف فیلڈنگ میں کمزور دکھائی دی جہاں بہتری کی ضرورت ہے۔