کرس راجرس بڑی اننگز نہ کھیلنے پر مایوس

ملبورن 26ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے آسٹریلیائی ٹیم کیلئے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے پہلے دن ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے میں اہم رول ادا کرنے والے اوپنر کرس راجر س نصف سنچری کے باوجود خود پر برہم اور مایوس ہے کہ بہتر شروعات کرنے کے باوجود وہ ایک بڑا اسکور نہیں بناسکے ۔ آسٹریلیائی ٹیم ہندوستان کے خلاف یہاں شروع ہوئے تیسرے ٹسٹ کے پہلے دن پانچ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز اسکور کرلئے ہیں جس میں اسٹیو اسمتھ نے 72 رنزاور راجرس نے 57 رنز کا تعاون دیا ہے۔راجرس نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خود پر غصہ ہے کہ متواتر تیسری مرتبہ نصف سنچری اسکور کرنے کے باوجود میں ایک بڑی اننگز نہیں کھیل پایا ہوں حالانکہ آج بیاٹنگ کے دوران اپنے پیروں کی حرکات سے میں کافی مطمئن تھا اور ایک بڑی اننگز کھیلنے کیلئے پُر عزم تھا۔ راجرس گذشتہ ایک عرصہ سے کافی دباو میں تھے کیونکہ مسلسل ناقص فام کی وجہ سے ٹیم میں ان کا مقام بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوچکا تھا اور اسی دوران گذشتہ تین اننگز میں تین نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھیل کا حصہ ہے کہ جب آپ بہتر مظاہرہ نہیں کررہے ہوتے ہیں تو آپ پر تنقید کی جاتی ہے ۔