سوئٹزرلینڈ۔ 15جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہسپانوی فٹبال کلب ریئل میڈرڈ کے پرتگالی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا کا بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت لیا ہے۔اس ایوارڈ کا اعلان پیر کی شام سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں منعقدہ تقریب میں کیا گیا۔پرتگال کی ٹیم کے 28 سالہ کپتان کے ہمراہ اس ایوارڈ کی دوڑ میں بارسلونا کے لیوئنل میسی اور بائرن میونخ کے فرینک ریبری بھی شامل تھے۔ارجنٹائن کے 26 سالہ فارورڈ میسی گذشتہ چار سال سے یہ انعام جیت رہے تھے لیکن اس بار رونالڈو کو اس ایوارڈ کے لیے پسندیدہ قرار دیا جا رہا تھا۔رونالڈو کا انتخاب فیفا کے ارکان کی فٹبال ٹیموں کے کپتانوں، کوچ اور صحافیوں نے کیا۔کرسٹیانو رونالڈو نے آخری مرتبہ سال 2008 ء میں مانچسٹر یونائٹیڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے یہ اعزاز جیتا تھا۔
انہوں نے گزشتہ سال اپنے کلب اور ملک کی طرف سے 56 میچوں میں 66 گول کیے۔ اس تقریب میں برازیل کے معروف فٹبالر پیلے کو بھی اعزازی بیلن ڈی اور ایوارڈ دیاگیا۔اس کے علاووہ فیفا پرو ورلڈ XI ٹیم سمیت سات ایوارڈز کا اعلان کیا گیا اور جرمن گول کیپر ندین اینگرر نے بہترین خاتون کھلاڑی کا اعزاز جیتا۔جرمنی کے ہی کلب بائرن میونخ کے سابق کوچ جْپ ہینکس کو سال کا بہترین کوچ قرار دیا گیا۔ اس ایوارڈ کے لیے ان کا مقابلہ مانچسٹر یونائٹیڈ کے سابقہ کوچ سر ایلکس فرگسن اور ڈارمنڈ کے جرگن کلوپ سے تھا۔اس کے علاوہ سویڈن کے ابراہمووچ کے گول کو سال کا بہترین گول قرار دیا گیا جبکہ فیئر پلے ایوارڈ افغانستان کو دیا گیا۔فرانس نے سال 1956 ء میں یورپی فٹبالرز کو نوازنے کے لیے بیلن ڈی اور متعارف کروایا تھا لیکن سال 2007 میں اسے عالمی حیثیت دے دی گئی تھی۔میسی نے گزشتہ سال اپنے ملک اور کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے 45 میچوں میں 42 گول کئے تھے۔