بغداد14 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے نیم خودمختار علاقے کردستان میں موجود مسلح ایرانی کرد تنظیموں کو تہران حکومت نے شدت پسند مذہبی تنظیم دولت اسلامی عراق و شام داعش کے خلاف لڑائی سے روک دیا ہے۔ میڈیا کے مطابق کردستان میں موجود کرد گروپوں کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ صوبائی حکومت نے ایران کے دباؤ کے بعد مسلح گروپوں سے کہا ہے کہ وہ داعش کے خلاف لڑائی چھوڑ دیں اور محاذ جنگ سے اپنی بیرکوں میں واپس چلے جائیں۔ کرد ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ کردستان کی صوبائی حکومت نے ایران سے تعلق رکھنے والے کرد جنگجو گروپوں سے کہا ہے کہ وہ داعش کیخلاف لڑائی ترک کر کے اپنے مورچوں میں واپس چلے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرد مسلح گروپوں کو داعش کے خلاف لڑائی روکنے کی براہ راست ہدایات ایرانی پاسداران انقلاب کی بیرون ملک سرگرم ملیشیا القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے دی ہیں۔