شمس آباد ۔ /5 جولائی (سیاست نیوز) شمس آباد کے موضع مدن پلی میں کل شام ایک شخص کی نعش کو جلانے کی کوشش کررہا تھا کہ مقامی افراد نے یہ دیکھ کر مقامی پولیس کو اطلاع دی ۔ مقامی پولیس نے اس شخص کو گرفتار کرکے تفتیش کرنے پر پتہ چلا کہ اس نے اپنی بیوی کو قتل کرکے ٹکڑے کردیا ۔ شمس آباد ڈی سی پی سنپریت سنگھ نے میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ روپیش کمار 36 سالہ ساکن گچی باؤلی متوطن دہلی 1999 ء میں ملازمت کیلئے کونگو سنٹرل آفریقہ گیا ۔ 2006 ء میں وہ کلب جانے لگا جہاں اس کی ملاقات کلب ڈانسر سنتھیا ویکل سے ہوئی اور دونوں نے 2008 ء میں شادی کرلی ۔ انہیں ایک سات سالہ لڑکی ثانیہ ہے ۔ روپیش کمار اسٹاک ایکسچنج میں ملازمت کررہا تھا جہاں اسے نقصان ہوا اور اس دوران میاں بیوی میں بحث ہونی شروع ہوگئی ۔ روپیش کی بیوی فیس بک پر ایک شخص سے چیٹنگ کررہی تھی جس کے بعد اس کا شک بڑھتا گیا ۔ کاروبار میں مسلسل نقصان اور بیوی پر شک اور گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر اس نے /3 جولائی کی رات اس کی بیوی کا قتل کردیا اور اگلے دن اس کی بیٹی کو اسکول روانہ کرنے کے بعد نعش کے ٹکڑے کرکے ایک بریف کیس میں رکھ کر کرایہ کی کار حاصل کی جس کو وہ خود چلاتے ہوئے گچی باؤلی سے آوٹر رنگ روڈ سے شمس آباد اور وہاں سے وہ مدن پلی گیا اور وہاں اس کی نعش کو جلارہا تھا کہ مقامی افراد نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالہ کردیا ۔ شمس آباد ڈی سی پی نے بتایا کہ اس کیس کی مکمل تحقیقات کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی جارہی ہے ۔ ایک انسپکٹراور دو سب انسپکٹر مکمل تحقیقات کریں گے ۔ اگر ضرورت پڑی تو کیس کو گچی باؤلی منتقل کردیا جائے گا ۔ پریس میٹ کے موقع پر شمس آباد اے سی پی بی انورادھا ، انسپکٹر اوما مہیشور راؤ ، محمد احمد پاشاہ ، محمد خلیل پاشاہ ، بھاسکر سب انسپکٹران اور اے ایل آئی محمد مصباح الدین وغیرہ موجود تھے ۔